10 نومبر 2026 - 16:19
شہداء کے مشن کی تکمیل تک مزاحمت کا راستہ جاری رکھیں گے، حزب اللہ کے رہنما محمد رعد

لبنان کی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے ’’وفاداری برائے مزاحمت‘‘ کے سربراہ محمد رعد نے حزب اللہ کے یومِ شہید کے موقع پر شہداء کے اہل خانہ کے نام پیغام میں انہیں مزاحمت کے عزم، کردار اور استقامت کا معیار قرار دیتے ہوئے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے ’’وفاداری برائے مزاحمت‘‘ کے سربراہ حجۃ الاسلام محمد رعد نے حزب اللہ کے یومِ شہید کے موقع پر شہداء کے اہل خانہ کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مزاحمت کی راہ میں شہداء کے خاندانوں کے مقام اور ان کی قربانیوں کے مشن کی حفاظت میں ان کے کردار کو سراہا۔

محمد رعد نے شہداء کے اہل خانہ کو اپنے اردگرد کے لوگوں کے لیے ایک روشن اور قابلِ تقلید نمونہ قرار دیتے ہوئے لکھا:

’’آپ ایک ایسی نئی دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں جس سے خداوند متعال نے آپ کو شہادت کے اعزاز کے ذریعے سرفراز فرمایا ہے۔ یہ ایسا اعزاز ہے جس کی عظمت اور شان آپ کے وجود پر چھا گئی ہے اور جس کی برکتوں اور فضیلتوں کے اثرات آپ میں سے ہر ایک کی سوچ، احساسات، طرزِ عمل، فہم، عزم اور ارادے میں نمایاں ہیں۔‘‘

حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے کے سربراہ نے شہداء کے خاندانوں کے گھروں کو مجاہدین کی صفات اور ان کے اسرار کا خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے اخلاق اور کردار سے دوسرے لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں؛ خواہ وہ آپ کے پڑوسی ہوں، مہمان ہوں، شہروں کے رہنے والے ہوں یا جنوب، بقاع، شمال، جبل، ضاحیہ اور بیروت کے کسی بھی علاقے سے آپ کی ملاقات کے لیے آنے والے افراد ہوں۔

محمد رعد نے شہداء کے اہل خانہ کے اپنے شہیدوں کی زندگی اور سیرت سے گہرے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر شہداء کے راستے، ان کے عزم و وفاداری، دوراندیشی، گہرے ایمان، قوت و استقامت اور اخلاقی کردار کو دوسروں تک پہنچانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کے کاندھوں پر ایسی عظیم ذمہ داری ہو، اسے شہداء کی ہدایات اور نصیحتوں پر عمل کرنے، معمولی اور غیر اہم معاملات سے اجتناب کرنے، عبادت کی مسلسل ترغیب دینے، حسنِ اخلاق اپنانے اور علم و آگہی حاصل کرنے کی کوشش میں پیش پیش رہنا چاہیے۔

محمد رعد نے اپنے پیغام کے ایک اور حصے میں شہداء کے اہل خانہ کو درپیش مشکلات اور تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے لکھا:

’’میں بھی آپ ہی میں سے ایک ہوں اور آپ کو درپیش بہت سی مشکلات اور تکالیف سے آگاہ ہوں۔ اسی لیے واضح اور مختصر الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ جس خدا نے آپ کو شہادت کے اعزاز سے سرفراز فرمایا ہے، وہی آپ کے معاملات کا ذمہ دار اور کارساز ہے۔ وہ اپنے لطف، رحمت، عنایت اور حکمت کے ذریعے آپ کے دین و دنیا کی بہتری کے اسباب فراہم کرے گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ خداوند متعال لوگوں کو آزمائش میں ڈال کر ان کے اخلاص اور ان ذمہ داران کی اہلیت کو بھی پرکھتا ہے جنہیں شہداء کے اہل خانہ کی خدمت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس لیے انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے اپیل کی کہ وہ ان ذمہ داران کے لیے دعا کریں، انہیں نصیحت کریں اور ان کی کوتاہیوں سے درگزر کریں۔

محمد رعد نے اپنے پیغام کے اختتام پر شہداء کے اہداف کی تکمیل کے لیے مزاحمت کا راستہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا:

’’یومِ شہید کے موقع پر ہم خداوند متعال اور آپ کے ساتھ عہد کرتے ہیں کہ تمام شہداء کے اہداف کی حمایت اور تکمیل کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، یہاں تک کہ آپ کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں اور خداوند متعال آپ کے دلوں کا غصہ ان مجرم دشمنوں، منافقوں، ظالموں، بدعنوانوں اور فساد پھیلانے والوں کے خلاف ٹھنڈا کردے۔‘‘

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha